زمین پرقبضے کاالزام، درخواست گزار کا بیان ریکارڈ کرنے کا حکم
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے سابق ایس ایچ او سرجانی کے خلاف زمین پر قبضے کا الزام میں مقدمے کی درخواست پر درخواست گزار کا بیان ریکارڈ کرنے کا حکم دیدیا۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج غربی نے سابق ایس ایچ او سرجانی ٹاؤن غلام حسین پیرزادہ کے خلاف درخواست پر پولیس کو درخواست گزار کا بیان ریکارڈ کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ درخواست گزار کا بیان ریکارڈ کیا جائے اور اگر بیان کی روشنی میں جرم بنتا ہو تو قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ عدالت نے پولیس کو مزید ہدایت دی کہ درخواست گزار شہری اور اس کے اہل خانہ کو قانونی تحفظ فراہم کیا جائے ۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ معزول ایس ایچ او غلام حسین پیرزادہ نے سرجانی ٹاؤن کے علاقے یارو گوٹھ میں اس کی زمین پر ناجائز قبضہ کیا۔ درخواست میں دعویٰ کیا گیا کہ سابق ایس ایچ او نے اپنے عہدے کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے معروف لینڈ گریبر آصف بروہی کی معاونت کی۔ ملزمان نے زمین پر قبضہ کرنے کے لیے پہلے سے موجود تعمیرات کو گرا دیا اور وہاں موجود قیمتی سامان بھی لوٹ لیا۔