کمپیوٹر اور آئی ٹی آلات کی دکان سربمہر
کراچی(کامرس رپورٹر)ریجنل ٹیکس آفس 1 نے پی او ایس قوانین کی خلاف ورزی پر اپنی کاروائیاں جاری رکھتے ہوئے۔۔
آج اپنی انتظامی حدود میں کمپیوٹر اور آئی ٹی آلات سے منسلک پلازہ ٹیکنو سٹی میں ایک مشہور دکان سیل کرلی۔ یہ کاروائی سیلز ٹیکس قوانین 2006 کے رول 150 زیڈ ای او کے تحت پی او ایس سسٹم سے غیر منسلک شدہ رسیدیں جاری کرنے پر کی گئی۔ اس موقع پر آر ٹی او 1 کے حکام نے کہا کہ ان کی حدود میں جاری کارروائیاں پی او ایس قوانین کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیئے ترتیب دی گئی ہیں۔ ٹیکس حکام نے مزید کہا کہ پی او ایس قوانین کی خلاف ورزیاں معاشی اہداف حاصل کر نے میں رکاوٹیں پیدا کرتی ہیں اور ریجنل آفس اپنی کاروائیاں جاری رکھے گی تاکہ پی او ایس قوانین کی خلاف ورزیوں کو روکا جاسکے ۔