لیاری یونیورسٹی ، نرسنگ،ڈی پی ٹی پروگرام شروع کرنیکا فیصلہ

لیاری یونیورسٹی ، نرسنگ،ڈی پی ٹی پروگرام شروع کرنیکا فیصلہ

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی لیاری نے بی ایس نرسنگ اور ڈی پی ٹی (ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی) پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

 اس سلسلے میں دونوں پروگرامز کی یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل سے منظوری حاصل کرلی گئی ہے اور مالیاتی امور کے حوالے سے اس سلسلے میں متعلقہ اتھارٹی سے منظوری کے بعد آئندہ تعلیمی سیشن 2026 کے لیے مذکورہ دونوں پروگرام میں داخلے دیے جانے کی تیاری کی جارہی ہے ۔ اس بات کا انکشاف لیاری یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر حسین مہدی نے یونیورسٹی کے رجسٹرار کیپٹن (ر)رضا حیدر کے ہمراہ اپنے دفتر میں نجی ٹی وی سے بات چیت میں کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ سندھ ایچ ای سی کے اعتراض پر شعبہ بین الاقوامی تعلقات، میڈیا سائنسز اور اسپورٹس سائنسز کے شعبوں میں داخلے روک دیے گئے تھے کیونکہ یہ شعبے بغیر مستقل اساتذہ کے ہی شروع کر دیے گئے تھے ہم نے ان شعبوں میں اساتذہ کی تقرری کے سلسلے میں وزیر اعلٰی سندھ سے اجازت مانگی ہے اور اتھارٹی کی منظوری آتے ہی ہم اشتہار جاری کر دیں گے ،امید ہے کہ تینوں متعلقہ شعبوں میں نئے سیشن کے لیے داخلے ہوسکیں گے ۔دوسری جانب یونیورسٹی میں گزشتہ 10 برس سے الحاق شدہ تعلیمی اداروں سے فیس وصول نہ کرنے کا انکشاف بھی ہوا ہے اور یونیورسٹی گزشتہ 10 برسوں سے الحاق شدہ کالجوں کے طلبہ کے امتحانات اپنے ہی اخراجات پر لے رہی تھی جس سے یونیورسٹی کو خطیر مالی خسارہ ہو رہا تھا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں