اندرون سندھ حادثات وواقعات میں خواتین سمیت 6جاں بحق

 اندرون سندھ حادثات وواقعات میں خواتین سمیت 6جاں بحق

پڈعیدن ،اندرون سندھ(نمائندگان دنیا) ضلع نوشہروفیروز کے علاقے پڈعیدن میں مبینہ ڈکیتی اور پولیس مقابلے میں زخمی ہونے والا دوسرا نوجوان شفیق عرف شفو راجپر نوابشاہ اسپتال میں دم توڑ گیا۔

 یاد رہے کہ گزشتہ روز پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان ٹیل شاخ کے قریب مبینہ مقابلے میں ایک رہزن گلزار راجپر موقع پر ہلاک ہو گیا تھا۔دوسری طرف کمالدیرو کے قریب گاؤں شمن کلہوڑو میں نامعلوم مسلح افراد نے گھر میں گھس کر سوئے ہوئے نوجوان گلاب کلہوڑو کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور فرار ہو گئے۔ کنڈیارو کے علاقے شہباز کالونی میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے نوجوان خالد حسین رند جاں بحق ہو گیا۔ جبکہ مٹھیانی کا رہائشی نوجوان گلبہار جھنڈیر کراچی میں فیکٹری ایریا میں مزاحمت پر فائرنگ سے مارا گیا۔ نوجوان بچوں کے ہمراہ مزدوری کے لیے کراچی آیا ہوا تھا۔ سکھر میں سائٹ ایریا تھانے کی حدود میں ملک برادری کے 15 سے زائد لاٹھی بردار افراد نے موٹر سائیکل مکینکوں سنتوش، دلیپ، پون کمار اور ان کے ملازمین پر ہتھوڑوں، لیور اور کلپس سے حملہ کر دیا۔ متاثرین کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ تلہار کے نواحی گاؤں محمد حسن عمرانی میں اللہ ڈنو عمرانی نے مبینہ طور پر اپنی بیوی مریم عمرانی پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انڈس اسپتال بدین میں دم توڑ گئی۔  بلڑی شاہ کریم میں ایک دہاڑی دار مزدور غفار رند کو چوری کے الزام میں ایک بااثر شخص نے نجی جیل میں قید کر کے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے ابتدائی کارروائی کے بعد اسے اسپتال منتقل تو کیا مگر تاحال ملزموں کے خلاف کوئی سخت اقدام نہ اٹھایا جا سکا۔ کنڈیارو کے گاؤں فیض محمد راجپر میں راجپر برادری کے دو گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں خواتین سمیت سات افراد زخمی ہو گئے ۔ پولیس کے مطابق واقعہ چوری کیس کے سلسلے میں تکرار کے بعد پیش آیا۔ محراب پور میں سیٹھ سکندر میرانی کے بھائی واحد علی میرانی کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا گیا۔ جبکہ قومی شاہراہ پر ایک اور واقعہ میں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے گلاب بگھیو اور فیاض بگھیو زخمی ہو گئے۔ صوبھوڈیرو میں باب سچل سرمست کے قریب قومی شاہراہ پر تیز رفتار ٹرالر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں دو خواتین سائرہ خاتون اور شمل خاتون اجن موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ایک شخص امتیاز اجن شدید زخمی ہو گیا۔ یہ افراد حضرت سچل سرمست کی زیارت کے بعد واپس جا رہے تھے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں