290 ملین روپے کی نان ڈیوٹی پیڈ سگریٹس نذر آتش

سکھر (بیورو رپورٹ)سکھر میں ایف بی آر ان لینڈ ریونیو آر ٹی او کی جانب سے 290 ملین روپے مالیت کی نان ڈیوٹی پیڈ سگریٹس نذر آتش کردی گئیں۔
یہ سگریٹس جولائی 2024 سے مئی 2025 کے دوران سکھر سمیت اندرون سندھ مختلف علاقوں میں گیارہ کارروائیوں کے دوران ضبط کی گئی تھیں۔سائیٹ ایریا سکھر میں ہونے والی اس خصوصی تقریب کے مہمانِ خصوصی چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو ڈاکٹر توقیر احمد میمن تھے ، جبکہ کمشنر ایف بی آر عدنان احمد خان، سکھر چیمبر آف کامرس کے نمائندگان اور سول سوسائٹی کے افراد بھی تقریب میں شریک ہوئے ۔تقریب کے دوران ایف بی آر حکام نے بتایا کہ نذر آتش کی جانے والی سگریٹس پر تقریباً 149 ملین روپے کی ٹیکس ڈیوٹی واجب الادا تھی۔ ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو محمد یعقوب راجپر کا کہنا تھا کہ ان لینڈ ریونیو ڈپارٹمنٹ کی جانب سے نان ڈیوٹی پیڈ سگریٹس اور دیگر اشیاء کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ایف بی آر حکام نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ ٹیکس چوری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور مستقبل میں بھی ایسی اشیاء کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ ٹیکس نظام کو مضبوط اور مؤثر بنایا جا سکے۔