جاری منصوبے بروقت مکمل کیے جائیں،وزیرتوانائی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیرتوانائی ناصر حسین شاہ نے صوبے میں جاری ترقیاتی اسکیموں کے معیار کا خیال رکھنے پر زور دیتے ہوئے۔۔
متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ جاری ترقیاتی اسکیموں میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے ۔وزیر توانائی کی زیر صدارت محکمہ توانائی کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم احمد شاہ، سیکریٹری توانائی مشتاق احمد سومرو، پروجیکٹ ڈائریکٹر ایس ایس ای پی محفوظ قاضی کے علاوہ دیگر افسران بھی شریک تھے ۔وزیر توانائی نے اجلاس کے حوالے سے بتایا کہ محکمہ توانائی کے جاری مختلف منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام جاری منصوبوں کو مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے اور تمام اسکیموں میں معیار کا خاص خیال رکھا جائے ۔انہوں نے کہا کہ جاری ترقیاتی اسکیموں میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے اور اجلاس میں اگلے مالی سال 26-2025 کے لیے نئی ترقیاتی اسکیموں کا بھی جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر توانائی نے کہا کہ آئندہ مالی سال کی ترقیاتی اسکیموں کے لیے تمام ترقانونی تقاضوں کو پورا کیا جائے۔