انسداد پولیو مہم کے دوران تمام ٹیموں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے ،پولیس چیف

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کے احکامات کی روشنی میں ڈی آئی جی ایڈمن کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کی سکیورٹی سے متعلق ایک اہم اجلاس کراچی پولیس آفس میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں زونل ڈی آئی جیز اور ڈسٹرکٹ ایس ایس پیز نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران پولیو ٹیموں کو فراہم کردہ سیکیورٹی، دستیاب وسائل، اور پولیس کی جانب سے کیے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈی آئی جی ایڈمن نے افسران کو ہدایت دی کہ انسداد پولیو مہم کے دوران تمام ٹیموں کو مکمل اور موثر تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ یہ قومی مہم بلا تعطل اور کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچے ۔انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ شدید گرمی کے پیش نظر پولیو ٹیموں اور ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کو پانی اور دیگر ضروری سہولیات کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے ، تاکہ وہ اپنی ذمہ داریاں بہتر انداز میں انجام دے سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہر افسر اور اہلکار اپنی ذمہ داریاں احساسِ فرض اور قومی جذبے کے ساتھ ادا کرے۔