ہیٹ ویو ،حکومت اسپتالوں میں انتظامات کرے ،ایم کیوایم
کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز بہادرآباد سے جاری بیان میں قائد حزب اختلاف سندھ علی خورشیدی نے کہا ہے۔۔
کہ شہر میں بڑھتی ہوئی گرمی سے ہیٹ ویو کا خدشہ بڑھ گیا ہے ، ایسے میں سندھ حکومت سرکاری اسپتالوں میں مناسب انتظامات کرے تاکہ ہیٹ اسڑوک کے شکار شہریوں کو فوری طبی امداد ملے ، شہر میں بڑھتی ہوئی بے ہنگم ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لئے ٹریفک پولیس کی نفری بڑھائی جائے ، بائیک، رکشہ اور پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرنے والوں کے لئے مصروف شاہراہوں پر ہیٹ اسڑوک سے بچاو کے کیمپ لگائے جائیں جہاں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کی سہولت ہو، محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی سمیت سندھ کے بیشتر علاقوں میں ہیٹ ویو کی ایڈوائزری جاری کی گئی ہے تاہم سندھ حکومت خواب خرگوش کے مزے لے رہی ہے ، اپوزیشن لیڈر سندھ کا کہنا تھا سندھ حکومت کے تمام محکمے بشمول محکمہ صحت، بلدیات، پولیس اور بلدیاتی ادارے ایسی صورتحال میں اپنے فرائض ایمانداری سے ادا کریں اور شہریوں کو ریلیف فراہم کریں۔علاوہ ازیں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی مرکزی کمیٹی نے مرکز بہادر آباد پر ایکشن کمیٹی برائے پنشنرز کے ایم سی وٹاؤنز کے وفد سے ملاقات کی، ریٹائرڈ ملازمین کے وفد میں اسلم بیگ،ذکی قادری، ناصربیگ و دیگر ریٹائرڈ ملازمین موجود تھے ، ملاقات میں بلدیاتی ملازمین کی پنشن ودیگر واجبات کی عدم ادائیگی پر بلدیہ عظمی انتظامیہ اور صوبائی حکومت سندھ کی مجرمانہ خاموشی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔