آلائشیں دفن کرنے کیلئے 7خندقوں کی کھدائی جاری

آلائشیں دفن کرنے کیلئے 7خندقوں کی کھدائی جاری

کراچی(اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب کی زیرصدارت سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈکے دفترمیں عید الاضحی کے انتظامات کے سلسلے میں اجلاس منعقدہوا۔

میئرکراچی نے اس موقع پر کہا کہ عید الاضحی کے موقع پر ٹاؤنز چیئرمین کے ساتھ کوآرڈینیشن کرکے عوامی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی،آلائشوں کو بروقت اٹھانے کے انتظامات کئے گئے ہیں اور عوامی آگاہی کے لئے بھی بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اجلاس میں ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈطارق علی نظامانی، ٹاؤنز چیئرمین، متعلقہ افسران اور صفائی ستھرائی کاکام انجام دینے والی نجی کمپنیز کے عہدیداران نے شرکت کی۔میئرکراچی نے کہا کہ آلائشوں کو مدفون کرنے کے لئے 7خندقوں کی کھدائی کا کام جاری ہے جبکہ کراچی کے ساتوں اضلاع میں تقریباً100 کلیکشن پوائنٹس بنا ئے جا رہے ہیں۔آلائش گھر سے اور علاقوں سے اٹھانے کے لئے آٹھ ہزار سے زائدسینیٹری ورکرز و دیگر اضافی عملہ تعینات کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ایس ایس ڈبلیو ایم کے اہلکار آلائش کے علاوہ بھالومٹی بھی اٹھائیں گے بھالومٹی جی ٹی ایس پر رکھی جائے گی اور ٹی ایم سی کی درخواست پر پارکوں اور گرین بیلٹس کے لئے مفت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہاکہ اس سال سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی جانب سے آلائش کے لئے بیگز فراہم کئے جائیں گے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں