ٹرانسپورٹر جلد گاڑیوں پر کیمرے نصب کرائیں ،آئی جی
کراچی(این این آئی)آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیرصدارت سینٹرل پولیس آفس کراچی میں سندھ کی مختلف ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے عہدیداران کے ساتھ اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی،ڈی آئی جیز،سندھ پولیس ہائی وے پیٹرول، اسٹبلشمنٹ،ہیڈکواٹرز،ڈویژنل و زونل ڈی آئی جیز کے علاوہ صدر کراچی گڈزایسوسی ایشن ملک شیر خان،ملک ٹرانسپورٹر کے شہزاد اعوان، یاسین خان نیازی یونائیٹڈ گڈز ٹرانسپورٹ ایسو سی ایشن،امداد نقوی کراچی گڈزکیریئر ایسوسی ایشن،ملک شبر،غلام محمد آفریدی،نظار جعفری پاکستان گڈز اور رانا عاصم شکور فلیٹ آپریٹر ایسوسی ایشن پاکستان نے شرکت کی۔ڈی آئی جی سندھ پولیس ہائی وے پیٹرول کی جانب سے اجلاس کے شرکا کو دی جانیوالی بریفنگ میں اہم شاہراہوں پر سیکیورٹی،پولیس نفری اور سیکورٹی اقدامات پر مشتمل تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت نے ہائی ویز کی سیکورٹی کے لئے ایک نیا یونٹ سندھ پولیس ہائی وے پیٹرول تشکیل دیا گیا ہے جسکے تحت سندھ کے 42 ٹال پلازہ اور 13ہائی ویز پر 88 پولیس بیٹ اور 90 گاڑیاں تعینات کی گئی ہیں جبکہ سندھ پولیس ہائی وے پیٹرول رات دن سڑکوں پر موجود رہتی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ جلد ہی ایک کنٹرول سینٹرل اور ایک یونیورسل ہیلپ لائن نمبرکا آغاز بھی کردیا جائے گا۔اجلاس میں موجود ٹرانسپورٹرز نے احتجاج،سڑک بلاک اور مظاہروں کے دوران پولیس کے تعاون اور مدد کا متفقہ طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دوران احتجاج سڑک بند کرنے کی روایت کو ختم کیا جائے ۔آئی جی سندھ نے اجلاس کو بتایا کہ سڑک بلاک کرنیوالوں کے خلاف مقدمات کے اندراج کے احکامات جاری کیئے جاچکے ہیں تاہم اس ضمن میں ٹرانسپورٹر حضرات جلد از جلد اپنی گاڑیوں پر کیمرے نصب کروائیں تاکہ حملہ کرنے والے ملزمان کی شناخت آسان ہوسکے ۔ موجودہ صورتحال کے پیش نظر تمام ضلعی افسران شاہراہوں پر نفری کو بڑھائیں ۔