عیدالاضحی کے موقع پر زائد کرایے وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف مہم کا آغاز
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)عیدالاضحی کے موقع پر عوام سے ناجائز اور زائد کرایے وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف سندھ حکومت نے بھرپور مہم کا آغاز کر دیا ہے۔۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی ہدایت پر تمام متعلقہ اداروں کو سخت احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔شرجیل میمن نے کہا کہ آئی جی سندھ پولیس، تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور ٹرانسپورٹ و ٹریفک پولیس کے اعلیٰ افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف فوری اور موثر کارروائی کریں۔ان کا کہنا تھا کہ عیدالاضحیٰ کا موقع خاندانوں کے ساتھ منانے کا ہوتا ہے اور کسی کو یہ حق نہیں کہ وہ عوام کی مجبوری سے فائدہ اٹھائے ۔کسی کو بھی عید کے موقع پر عوام کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔سینئر وزیر نے کہا کہ ہر سال ہزاروں شہری عید منانے کے لیے اپنے آبائی علاقوں کا سفر کرتے ہیں، مگر بدقسمتی سے بعض ٹرانسپورٹرز اس موقع پر کرایوں میں غیر منصفانہ اضافہ کر دیتے ہیں جو کہ ناقابل قبول ہے ۔زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف جرمانے ، لائسنس معطلی، اور روٹ پرمٹ کی منسوخی جیسے اقدامات کیے جائیں گے ۔عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر کوئی ٹرانسپورٹر ان سے زائد کرایہ طلب کرے تو فوری طور پر شکایت درج کرائیں۔ اس مقصد کے لیے شکایات کا ایک نظام قائم کر دیا گیا ہے جس کے تحت شہری ای میل اور واٹس ایپ کے ذریعے شکایات جمع کروا سکتے ہیں۔شکایات درج کرنے کے لیے شہری واٹس ایپ نمبر 0300-3495375 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔