خانپورمہر :برادریوں میں جھگڑے کے دوران نوجوان قتل
خانپورمہر ،اندرون سندھ(نمائندگان دنیا ) خانپور مہر میں برادریوں میں جھگڑے کے دوران نوجوان قتل، دریائے سندھ میں بچہ ڈوب گیا، زمینی تنازع پر ایک شخص جان سے گیاجب کہ نوڈیرو ،محراب پور میں دو زندگیاں تیز رفتار گاڑیوں کی نذرہوگئیں۔
خانپورمہر کے گاؤں جمال بوزدار میں بوزدار برادری کے دو گروپوں میں پرانے تنازع پر فائرنگ سے موٹر سائیکل سوار 22 سالہ وقار بوزدار جاں بحق اور اس کا بہنوئی شاہن بوزدار زخمی ہوگیا۔واقعے کی اطلاع پر پولیس نے تفتیش شروع کر دی ۔مقامی ذرائع کے مطابق اس تنازع میں اب تک 4 جانیں جا چکی ہیں۔ روہڑی میں گرمی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ سے پریشان 5 سالہ بچہ آفتاب دریائے سندھ میں نہاتے ہوئے ڈوب گیا۔ غم سے نڈھال والد نے الزام لگایا کہ غیر قانونی ریت نکاسی کے باعث دریا میں گڑھے بن گئے ہیں، جنہیں کنارہ سمجھ کر نہانے والے بچے جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ نوڈیرو کی بینظیر کالونی میں کھیلتے ہوئے سڑک پار کرتی 4 سالہ بچی، شاہدان شر، تیز رفتار ٹریکٹر کی ٹکر سے جاں بحق ہو گئی۔ ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، پولیس نے ٹریکٹر کو تحویل میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔ محراب پور میں ویگو گاڑی کی ٹکر سے 7 سالہ راہگیر بچہ ریحان خاص خیلی جاں بحق ہوگیا جبکہ اسی شہر کے بکری تھانہ کی حدود میں بھائی نے مبینہ طور پر زمینی تنازع پر اپنے ہی بھائی گلاب کلہوڑو کو قتل کر دیا۔