شاہنواز قتل کیس:ایک مفرور عدالت میں پیش، 5کے وارنٹ
میرپورخاص (بیورو رپورٹ)ڈاکٹر شاہنواز کنبھر کے ماورائے عدالت قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ، جہاں ایک مفرور پولیس اہلکار عدالت میں ازخود پیش ہو گیا، جبکہ دیگر پانچ مفرور ملزمان کی عدم گرفتاری پر عدالت نے ایف آئی اے حکام پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے دوبارہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ۔
انسداد دہشتگردی کی عدالت میں ڈاکٹر شاہنواز کنبھر ماورائے عدالت قتل کیس کی سماعت ہوئی، جس میں مدعی اور ملزمان کے وکلا پیش ہوئے ۔ ایف آئی اے کی ایڈیشنل ڈائریکٹر وسیع حیدر بھی عدالت میں موجود تھیں۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی میں مصروف ہونے کے باعث پیش نہیں ہو سکے ، لہٰذا وہ ان کی نمائندگی کر رہی ہیں۔عدالت نے اس موقع پر ایف آئی اے حکام پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بارہا ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جا چکے ہیں لیکن تاحال کسی مفرور ملزم کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔ اس پر ایف آئی اے افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ عمرکوٹ پولیس کا مفرور اہلکار اللہ جڑیو خود عدالت میں پیش ہو گیا ہے ۔عدالت نے سابق ڈی آئی جی میرپورخاص جاوید جسکانی، سابق ایس ایس پی اسد علی چوہدری اور تین دیگر پولیس اہلکاروں کے خلاف دوبارہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے اور کیس کی سماعت 13 جون تک ملتوی کر دی۔