ایم کیو ایم کا تاجروں سے بھتہ وصولی پر کارروائی کامطالبہ

ایم کیو ایم کا تاجروں سے بھتہ وصولی پر کارروائی کامطالبہ

حیدرآباد(نمائندہ دنیا )ایم کیو ایم حیدرآباد کے جوائنٹ انچارج اور حق پرست رکن سندھ اسمبلی راشد خان ایڈووکیٹ نے ٹاور مارکیٹ میں کاروباری افراد سے مبینہ بھتہ وصولی، بلیک میلنگ اور انتقامی کارروائیوں پر پیپلز پارٹی کے ٹاؤن چیئرمین پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔

حیدرآباد سے جاری کردہ بیان میں راشد خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ٹاور مارکیٹ کے تاجر مختلف طریقوں سے چیئرمین میاں سرفراز ٹاؤن اور ان کے پرائیویٹ افراد کے ہاتھوں ظلم و زیادتی کا شکار ہیں۔ کاروباری طبقے کو مختلف حیلوں بہانوں سے پریشان کیا جا رہا ہے ، تجاوزات کے خلاف آپریشن کی آڑ میں پہلے جگہیں خالی کروائی جاتی ہیں، پھر وہی جگہیں منتھلی لے کر دوبارہ حوالے کی جاتی ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ دکانداروں کو ٹاؤن عملہ ویڈیوز اور تصاویر کے ذریعے بلیک میل کر کے بھاری رقم وصول کر رہا ہے ، جس سے نہ صرف کاروباری ماحول خراب ہو رہا ہے بلکہ شہر میں پیدل چلنا بھی مشکل ہو گیا ہے ۔راشد خان ایڈووکیٹ نے بتایا کہ انہوں نے تاجروں سے خود فون پر تفصیلات معلوم کیں، جنہوں نے بتایا کہ ان کے گودام، دکانوں اور پلازوں کی ویڈیوز بنا کر پرائیویٹ افراد کے ذریعے بھتہ طلب کیا جا رہا ہے ، جس سے تاجر برادری سخت خوف و ہراس کا شکار ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں