لاڑکانہ :شدید گرمی ،لوڈشیڈنگ کیخلاف شہری سڑکوں پر آگئے

 لاڑکانہ :شدید گرمی ،لوڈشیڈنگ کیخلاف شہری سڑکوں پر آگئے

لاڑکانہ، اندرون سندھ (بیورو رپورٹ، نمائندگان دنیا) لاڑکانہ میں شدید گرمی اور طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے ، پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

 دوسری جانب ایپکا ضلع لاڑکانہ نے بھی تنخواہوں اور مراعات سے متعلق مطالبات کے حق میں ریلی نکالی اور دھرنا دیا۔ دونوں احتجاجوں میں شدید نعرے بازی کی گئی اور اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔ لاڑکانہ شہر اور گرد و نواح میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے ، مگر سیپکو کی جانب سے 20 سے 22 گھنٹے کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے ۔ شہریوں جن میں جنید سومرو، وحید سولنگی، محسن جتوئی، راجا حاجانو و دیگر شامل تھے ، نے پریس کلب کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی بار بار کی ٹرپنگ سے برقی آلات خراب ہو چکے ہیں اور گھروں میں بزرگ، بچے اور مریض شدید گرمی میں تڑپ رہے ہیں۔ نوڈیرو کے گورنمنٹ پرائمری اسکول تھری مچھلی مارکیٹ میں بجلی کی عدم فراہمی کے باعث تعلیمی عمل شدید متاثر ہو رہا ہے ۔ اسکول میں زیر تعلیم 800 سے زائد طلبہ و طالبات شدید گرمی میں تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔ دوسری جانب ایپکا ضلع لاڑکانہ نے اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے احتجاجی ریلی نکالی اور دھرنا دیا۔ رہنماؤں مبین برڑو، محمد بخش کنبھر، اسد میر جت اور دیگر نے مطالبہ کیا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 100 فیصد اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے دھمکی دی کہ 3 جون تک مطالبات منظور نہ ہوئے تو سندھ بھر میں تالہ بندی کر کے 16 جون کو کراچی پریس کلب سے احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں