سندھ ہائیکورٹ : کے ایم سی کو کھجی گراؤنڈ بحالی کی ہدایت

سندھ ہائیکورٹ : کے ایم سی کو کھجی گراؤنڈ بحالی کی ہدایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے کے ایم سی کو کھجی گراؤنڈ کی بحالی کی ہدایت کردی۔میئر کراچی مرتضیٰ وہاب عدالت کے حکم پر پیش ہوئے ۔ عدالت نے کہا کہ کے ایم سی چاہے تو کسی ریگولیٹری باڈی یا قانون نافذ کرنے والے ادارے کی معاونت حاصل کرسکتی ہے ۔

عدالت نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت سے قبل کارروائی سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کروائی جائے ۔ میئر نے عدالت کو بتایا کہ سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت پارکس، کھیل کے میدان اور تجاوزات کے خلاف کارروائی کے ایم سی کے دائرہ اختیار میں آتا ہے ۔ میئر نے ناظم آباد ٹاؤن کے چیئرمین کے اس دعوے کو بھی مسترد کر دیا جس میں کہا گیا تھا کہ پارک کی بحالی کے لیے 36 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ چیئرمین ناظم آباد ٹاؤن نے عدالت میں غلط بیانی کی ۔ فریقین کی جانب سے فنڈز کی تقسیم سے متعلق معلومات کیلئے کے ڈی اے کو فریق بنانے کی تجویز دی گئی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے درخواست گزار کو تین روز میں درخواست کے ٹائٹل میں ترمیم کی بھی ہدایت دی اور کے ڈی اے کو نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے کے ڈی اے کو ہدایت کی کہ سینئر افسر کو نمائندگی کے لیے پیش کیا جائے ۔ عدالت نے چیئرمین ناظم آباد ٹاؤن کو بھی طلب کرلیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں