الخدمت نے فارمیسی ہوم ڈلیوری سروس کا آغاز کر دیا

الخدمت نے فارمیسی ہوم ڈلیوری سروس کا آغاز کر دیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)الخدمت فاؤنڈیشن نے فارمیسی سروسز کے معیار کو بہتر بنانے اور عام آدمی کو معیاری، سستی اور محفوظ دوا گھر کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے فارمیسی ہوم ڈلیوری سروس کا آغاز کر دیا ہے ۔

الخدمت فارمیسی ہوم ڈلیوری سروس کا افتتاح الخدمت کے سینئر عہدیداران نوید بیگ، سید جمشید احمد، راشد قریشی، ڈاکٹر عظیم الدین اور عمیمہ مزمل نے کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الخدمت فارمیسی سروسز کے ڈائریکٹر سید جمشید احمد نے انکشاف کیا کہ پاکستان کی صرف 3 فیصد فارمیسیز میں ٹمپریچر کنٹرولڈ ماحول موجود ہے ، جبکہ ملک میں 88 فیصد فارمیسیز پر میٹرک یا انٹر پاس غیر تربیت یافتہ عملہ کام کر رہا ہے ۔ تحقیق کے مطابق مارکیٹ میں 40 فیصد تک جعلی یا ناقص ادویات گردش کر رہی ہیں، جن کے نتیجے میں قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔ عمیمہ مزمل کا کہنا تھا ہمارے ملک میں ڈرگ اسٹورز تو ہیں، لیکن فارمیسیز نہیں۔ الخدمت کے چیف نیٹ ورکنگ آفیسر نوید بیگ نے کہا کہ ان کا مقصد صرف دوا فروشی نہیں بلکہ خدمت خلق ہے ۔ پاکستان میں کوئی فارمیسی 15 فیصد رعایت پر دوا نہیں دیتی، مگر ہم دے رہے ہیں۔ ہمارا مقصد منافع نہیں، خدمت ہے ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت صحت سے متعلق دیگر سہولیات بھی فراہم کر رہی ہے ۔ ہوم ڈلیوری سروس نہ صرف شہریوں کو سہولت دے گی بلکہ انہیں جعلی اور خراب دوا سے بچا کر ایک محفوظ صحت مند زندگی کی ضمانت بھی فراہم کرے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں