ہاکس بے اسکیم 42کی لیز کا عمل 30سال بعدمکمل
کراچی(این این آئی) کراچی پریس کلب کے ممبران کے لیے ایک بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے ، جہاں ہاکس بے اسکیم 42 کی لیز کے سلسلے میں 30 سال پرانا مسئلہ بالآخر حل ہو گیا ہے۔
ریونیو ڈپارٹمنٹ نے زمین لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے ) کو ٹرانسفر کر دی ہے اور اس حوالے سے تمام کاغذی کارروائیاں بھی مکمل ہو چکی ہیں اور لیز کے پیپرز جاری کر دئیے گئے ہیں۔کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی اور سیکریٹری محمد سہیل افضل خان نے اس موقع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم پیشرفت سے بلاک 3، بلاک 3-A، بلاک 2 اور بلاک 68 کے الاٹیز اب اپنی زمینوں کی لیز حاصل کر سکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈی سی آفس نے بھی اپنا کام مکمل کر لیا ہے ، جس کے بعد اب الاٹیز کو لیز ملنے کا راستہ ہموار ہو گیا ہے ۔فاضل جمیلی نے مزید کہا کہ ہاؤسنگ اسکیموں میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے متعلقہ محکموں سے پہلے ہی روابط قائم کیے جا چکے ہیں، اور امید ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ان کے لیے فنڈز بھی مختص کر دیے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اس پیشرفت سے پورے علاقے کی اراضی کی ویلیو میں اضافہ ہو گا، اور ایل ڈی اے کو اختیارات ملنے کے بعد زمین و جائیداد کے حوالے سے سرگرمیاں تیز ہوں گی۔ لیز کا عمل مکمل ہونے کے بعدامکان ہے کہ ممبران گھروں کے تعمیر کے لیے بینک سے قرضہ حاصل کر سکیں گے ۔