مویشی منڈی میں جانوروں کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے متجاوز
کراچی (رپورٹ :آغا طارق )ناردرن بائی پاس مویشی دوست منڈی میں قربانی کے جانوروں کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ ملک بھر کے مختلف شہروں سے ٹرکوں اور ٹریلرز پر لدے مال مویشیوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔۔۔
مویشی دوست منڈی میں لاڑی،کوہ مری ،جہاں تھری ، چولستانی اور ڈاچی نسل کے نقش و نگار کے دلکش اونٹ توجہ کا مرکزہیں وہیں گلابی، کاموری، سندھی، ٹاپرے ،راجن پوری اور ناچی نسل کے بکروں کی بھی ڈیمانڈ بڑھ چکی ہے ،کجلہ،پہاڑی اور لاڑکانہ کے کھارے دنبے اور مینڈے سمیت آسٹریلین بل ،ساہیوال، چولستانی، سبی،سندھی ابلک، چینا، براہمن، سلاگر نسل کی گائے ، بیل،بچھڑے اور بچھیا مویشی منڈی کی زینت بنے ہوئے ہیں،ایڈمنسٹریٹر فیصل علی کا کہنا ہے کہ مویشی دوست منڈی میں سستے سے سستا جانور ایک لاکھ روپے کا بھی دستیاب ہے ،کراچی والے اپنی جیب کے مطابق من پسند جانور کی خریدرای کر رہے ہیں ہر بلاک میں مال مویشیوں کو روزانہ 30 لٹر مفت پانی کی فراہم کیا جارہا ہے ،بیوپاریوں کو انٹری فیس کی بدولت 24 گھنٹے بجلی،پانی اور سکیورٹی کی سہولت ہے ۔ایڈمنسٹریٹر فیصل کا مزید کہنا تھا کہ بیوپاریوں کو دن رات ہیوی جنریٹرز کے ذریعے بلا تعطل بجلی کی فراہمی جاری ہے ،سخت گرمی میں بھی شہریوں نے جانور خریداری کے لیے مویشی دوست منڈی کا رخ کر رکھا ہے۔