اہل غزہ سے یکجہتی کے لیے پیما کے تحت واک کاانعقاد
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کے تحت یکجہتی غزہ واک کا انعقاد کیا گیا جو جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر میں نجم الدین آڈیٹوریم سے مین گیٹ تک گئی۔۔۔
واک میں مختلف طبی و فلاحی تنظیموں کے عہدیداران و نمائندوں سمیت ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی بڑی تعداد نے شرکت کی، شرکاء نے امریکہ و اسرائیل کے خلاف اور اہل غزہ کے حق میں بینرز اور پلے کارڈرز بھی اُٹھائے ہوئے تھے ، واک میں ایک مشترکہ قرار داد بھی منظور کی گئی، امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے واک میں خصوصی شرکت کی اور شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اہل غزہ پچھلے 20 ماہ سے صیہونی دہشت گردی کا شکارہیں اور اپنے بچوں، ماؤں، بہنوں، بھائیوں کی لاشیں اٹھارہے ہیں، وزارت صحت غزہ کے مطابق اب تک 54ہزارسے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، جن میں تقریباً1400 ڈاکٹرز،پیرا میڈیکس اور نرسنگ اسٹاف بھی شامل ہے ، غزہ میں ایک انسانی المیہ جنم لے رہا ہے ، وہاں قحط سالی پیدا کردی گئی ہے ، لوگ بھوک اور پیاس کا شکار ہیں وہاں خوراک اور طبی امداد پہنچانے کے تمام راستے بند کردیے گئے ہیں،،لوگوں کے پاس کھانے پینے کے لیے کچھ نہیں ہے ، واک میں منظور کی جانے والی قرار داد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری فوری جنگ بندی کے لیے اقدامات کرے ۔