15 جون سے پلاسٹک تھیلیوں پر مکمل پابندی

 15 جون سے پلاسٹک تھیلیوں پر مکمل پابندی

کراچی (اسٹاف رپورٹر )میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اورنگی ٹاؤن میں چار پارکوں شہید عامر بھٹو فیملی پارک،مسجد خضراپارک، معراج نبی پارک،رحمت چوک پارک اور ناظم آباد میں سڑک کا افتتاح کرنے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ۔۔۔

 ہماری بنیادی ذمہ داری ہے کہ ہم عوام کے مسائل حل کریں،پندرہ جون سے شہر میں پلاسٹک کی تھیلیوں پر مکمل پابندی عائد ہوگی، جو ٹھیکیدار سڑکوں کے معیار مطابق تعمیر نہیں کریں گے اسے بلیک لسٹ کیا جائے گا اور اگر کے ایم سی کے افسران ملوث پائے گئے تو انہیں پہلے معطل اور پھر نوکری سے برخاست کردیا جائے گا، ملیر کے علاقے میں 1.2 ارب روپے کی لاگت سے برج بنانا چاہتے ہیں، جس کے لیے پاکستان ریلوے کی این او سی کا انتظار ہے جس کے لئے پاکستان ریلوے 16 کروڑ روپے طلب کر رہا ہے ، یہ شہر چلتا ہے تو پاکستان چلتا ہے ، کراچی معاشی حب ہے اسے چلنے دیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے ناظم آباد نمبر 4 میں سڑک کا افتتاح کرتے ہوئے کہی، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، پاکستان پیپلزپارٹی ضلع وسطی کے سردار خان اور دیگر مقامی رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ میئر کراچی نے مزید کہا کہ آنے والے دنوں میں دو اہم چیلنجز ہیں، پہلا یہ کہ عیدالاضحی کے موقع پر آلائشوں کو اٹھانے اور دوسرا آنے والی بارشیں ہیں، کراچی کی انتظامیہ نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ساتھ ایک جامع پروگرام ترتیب دیا ہے جس کے تحت تمام 25 ٹاؤنز اور ساتوں اضلاع میں کام کیا جائے گا، گلی، محلوں سے آلائشیں اٹھائی جائیں گی، اس سلسلے میں انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، آلائشیں اٹھانے کے بعد چونے کا چھڑکاؤ اور اسپرے کیا جائے گا، سب مل کر کام کریں گے تو بہتر نتائج سامنے آئیں گے ۔میئر کراچی نے میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پانی چوری کرنے والوں کے خلاف ہم کارروائی میں کنکشن منقطع کرتے ہیں، پولیس کو ایسے لوگوں کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرکے سزا دلوانی چاہئے ، میئر کراچی نے کہا کہ آئی جی کو خط لکھ رہا ہوں اور جو غیرقانونی ہائیڈرنٹس چل رہے ہیں وہ ان کے خلاف کارروائی کریں، مقدمات بنائیں تاکہ وہ عدالت سے باعزت بری نہ ہوسکیں۔ بعدازاں میئر کراچی نے اورنگی ٹاؤن میں شہید عامر بھٹو فیملی پارک سمیت اورنگی ٹاؤن سیکٹر نمبر 8 میں مسجد خضراپارک، معراج نبی پارک اور رحمت چوک پارک کا افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو صاحب کا نظریہ ہے کہ عام آدمی کی خدمت کی جائے ،شہر میں پیپلزپارٹی کے سپاہی براجمان ہیں اور خدمت کر رہے ہیں، علی نگر اور احمد چوک میں پارک کا جلد افتتاح کریں گے ،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہر ہمارا کنکریٹ کا جنگل بن گیا تھا،لوگوں کو کھلی فضا فراہم کرنے کے لئے پارک بنا رہے ہیں،ہم نے اس سال پچاس پارک بنانے کا فیصلہ کیا ہے ،ہم تو شاید اچھا ٹائم نہیں دیکھ پائے جو ہمارے بڑوں نے دیکھا تھا،پارک کی دیکھ بھال کے لئے محلہ کمیٹیاں بنائی جائیں تاکہ پارکس محلہ کمیٹی کی نگرانی میں رہے ۔ انہوں نے کہا کہ قیادت چائنہ کٹنگ اور لندن کٹنگ والی نہیں ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں