ضلع وسطی: مئی میں 24 پولیس مقابلے، ملزم ہلاک، 30زحمی، 76 مقدمات
کراچی(اے پی پی)ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی کی سربراہی میں پولیس نے رواں ماہ مئی کے دوران انسداد جرائم، اسٹریٹ کرائمز، منشیات، گٹکا ماوااور سنگین جرائم کے خلاف کی گئی کارروائیوں کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی ہے۔
ہفتہ کو ترجمان ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق مئی کے مہینے میں ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کی جانب سے 24 پولیس مقابلے ہوئے جن میں ایک ملزم ہلاک 30ملزمان زخمی حالت میں گرفتار جبکہ 19ملزمان کوگرفتارکرکے ان کے قبضے سے 37پستول اور 92راؤنڈز برآمد کئے گئے ہیں۔رواں ما ہ میں اسٹریٹ کرائم کے خلاف دیگر کارروائیوں میں ناجائز اسلحہ کے 76 مقدمات درج کئے گئے جن میں 74 ملزمان گرفتار ہوئے جن کے قبضے سے 74 پسٹل اور 185 راؤنڈز برآمد ہوئے ۔ شاہراہِ نور جہاں کی حدود میں دوران ڈکیتی قتل میں ملوث ملزمان سے مقابلے کے دوران ایک ملزم ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرے کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیاگیا، ڈسٹرکٹ ایسٹ گلشن اقبال کی حدود میں دوران ڈکیتی وقتل کے ملزم کو بھی نیو کراچی انڈسٹریل ایریا کی حدود سے زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ۔سینٹرل پولیس نے ڈکیتی راہزنی اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث گینگ کے خلاف بھی بھرپور کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے 12 مئی کو زاہد ماما گینگ کے پانچ کارندوں کوگینگ کے سرغنہ زاہد ماما سمیت زخمی حالت میں گرفتارکرلیاجو بیکری اور دودھ کی دکانیں لوٹا کرتے تھے ۔اس کے علاوہ پولیس نے شارٹ ٹرم کڈنیپنگ میں ملوث 4 ملزمان کومقابلے کے بعد گرفتارکرکے ان کے قبضے سے اسلحہ اور کار برآمدکی تھی جس میں ملزمان مغوی شکیل کو اغوا کر کے تاوان طلب کر رہے تھے ۔پولیس نے مغوی کو بازیاب کر واکے ملزمان کے خلاف اغوا برائے تاوان سمیت پولیس مقابلے اور ناجائز اسلحے کا مقدمہ درج کیاتھا۔سینٹرل پولیس نے منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 81 مقدمات درج کیے جن میں 160 منشیات فروشوں کو گرفتارکرکے ان کے قبضے سے 14 کلو چرس، 132 گرام سے زائد ہیروئن، 761گرام آئس اور 158 گرام قندھانیاں اور 117 شراب کی بوتلیں برآمد کی گئیں۔ رواں ماہ سینٹرل پولیس نے گٹکے ماوے کے 92 مقدمات درج کیے جن میں 115 ملزمان کو گرفتار کر کے 8655 پیکٹ گٹکا ماوا ،928کلو چھالیہ، 114پیکٹ تمباکو ،11 کلو کتھا، 62 کلو چونا برآمدکیا تھا۔