ہزاروں فی سبیل اﷲ قربانی کریں گے ، نوید علی بیگ
کراچی(این این آئی)چیف ایگزیکٹو الخدمت نوید علی بیگ نے کہا ہے کہ الخدمت ملک بھر کی طر ح آج عید الاضحی پرہزاروں فی سبیل اﷲ قربانی کرے گی۔۔
قربانی کا گوشت مستحقین اور ضرورت مندوں تک پہنچایا جا ئے گا۔ الخدمت کی جانب سے شہر بھر میں اجتماعی قربانی کے مراکزقائم ہیں جہاں فی سبیل اﷲ قربانی کی جائے گی ،جبکہ لوگوں کی سہولت کیلئے اجتماعی قربانی کا بھی اہتمام کیا گیا ہے ۔ سیکڑوں رضاکار نہ صرف مستحقین تک گوشت پہنچانے کے کام کے ساتھ ساتھ چرم قربانی مہم کا حصہ ہوں گے ۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہی ۔نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت کئی دہائیوں نے بلاتفریق انسانیت کی خدمت میں مصروف ہے ، آپ کی دی ہوئی ایک کھال کسی ،کمزور ،یتیم ،بے کس ،مجبوراور پریشان حال انسان کے چہرے پر خوشیاں لا سکتی ہے ،لہٰذا اپیل ہے کہ قربانی کی کھالیں الخدمت کو دیں ،اس کیلئے الخدمت کے علاقائی دفاتر تک کھال پہنچانے کے علاوہ الخدمت کے فون نمبر پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے ۔ نوید علی بیگ نے کہا کہ فی سبیل اﷲ قربانی کا گوشت مستحقین تک ان کی عزت نفس کا خیال رکھتے ہو ئے پہنچا یا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ سنت اپراہیمی کی ادائیگی ایک اہم فریضہ ہے ،عید کی خوشیوں میں ان لوگوں کو شریک کرنا ضروری ہے جوقربانی کی استطاعت نہیں رکھتے ، مہنگائی کی وجہ سے متاثر ہیں اوروہ سارا سال گوشت کا انتظار کر تے ہیں۔