فیکٹریوں میں لگی آگ30گھنٹے بعد بجھا دی گئی،تین فائر فائٹرز جھلس کر زخمی

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)لانڈھی ایکسپورٹ پراسیسنگ زون میں فیکٹروں میں لگنے والی آگ پر30 گھنٹوں کی مسلسل کوششوں کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔۔
اورمزید پھیلنے سے روک دیا گیا۔ فیکٹریوں میں لگنے والی آگ اتنی شدید تھی کہ آگ کے باعث اسٹیم اور گیسز کی وجہ سے تین فائر فائٹرز جھلس کرزخمی ہوئے جنہیں فوری برنس وارڈ منتقل کیا گیا۔فیکٹریوں میں لگنے والی آگ پر کولنگ کا عمل جاری ہے ، فائر بریگیڈ حکام کاکہنا ہے فیکٹریوں میں لگنے والی آگ پرکولنگ ایک سے دو روز تک جاری رہ سکتا ہے ، آگ پرکے ایم سی فائربریگیڈ ،ریسکیو 1122 ،کے پی ٹی، پاک بحریہ لانڈھی، کورنگی اورنیوکراچی کے صنعتی زونز کے فائر ٹینڈرزاوردیگر اداروں کی مدد سے قابو پایا گیا۔خوفناک آتشزدگی کے باعث فیکٹریوں کی عمارتوں کا کچھ حصہ گرگیا جبکہ فیکٹری کی عمارتوں کوانتہائی مخدوش قرار دے دیا گیا ہے ۔سیکرٹری لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ غلام یاسین سانگرو کے مطابق ہفتے اوراتوارکی درمیانی شب 3 بجکر 37 منٹ پرپٹرولنگ گاڑی نے نجی فیکٹری میں دھواں اٹھتا دیکھا۔ جہاں کاسمیٹک کا سامان، آئل اورپیکجنگ سامان کی وجہ سے آگ تیزی سے بھڑکتی چلی گئی۔آگ نے متصل تین پرانے کپڑوں کے گوداموں اور فیکٹریوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا چیف فائر آفیسر کے ایم سی ہمایوں خان نے بتایا کہ 14 فائر ٹینڈر 2 باؤزر اور اسنارکل موقع پر پہنچے اور آگ پر قابو پانے کے لیے گرینڈ ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا۔اور کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پا کر اسے مزید پھیلنے سے روک دیا ، آگ تین فیکٹریوں تک ہی محدود رہی۔