پانی کی بلیک میں فروخت بند ہونی چاہیے، سیف الدین

کراچی(اسٹاف رپورٹر)اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈووکیٹ کی قیادت میں وفدنے سی او او واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اسد اللہ خان و دیگر افسران سے تفصیلی ملاقات کی۔
ملاقات میں کراچی سینٹرل، کورنگی، نیو کراچی، جنوبی و چنیسر ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں پانی کی بندش اور سیوریج کی صورتحال اور مسائل پر تفصیل سے بات چیت ہوئی۔ سیف الدین ایڈووکیٹ نے اپوزیشن اراکین سٹی کونسل کی جانب سے مرتب کردہ سوالنامہ اسداللہ خان کے حوالے کیا اور کہا کہ جلد از جلد ان کے جوابات فراہم کردئیے جائیں تاکہ اراکین کونسل کو واٹر کارپوریشن کے طریقہ کار سے بہتر طور پر آگاہی ہو سکے۔ سیف الدین ایڈووکیٹ نے بار بار مین لائنوں کے پھٹنے، لیکیج،پانی کی غیر منصفانہ تقسیم کی وجہ سے عوام کو درپیش مشکلات پر گفتگو کی اور کہا کہ 84 انچ لائن کی مرمت کے دعووں اور انتظامی تبدیلی کے بعد بھی تاحال پانی کا نظام بحال نہیں ہوسکا ہے۔ ٹینکرز مافیا کی پانی کی بلیک میں فروخت بند ہونی چاہیے، سرکاری نرخ کی تشہیر اور واٹر بورڈ کے مقامی عملہ کی من مانی ختم ہونی چاہیے، پانی کی غیر منصفانہ تقسیم اور عملے کی کرپشن کو فی الفور ختم کیا جائے۔سی او او اسد اللہ خان نے نئے کنکشن کے لئے یوسی چیئرمین کی این او سی اور متعلقہ ایکس ای اینز کی یوسی چیئرمین کے ساتھ کوآرڈی نیشن مزید بہتر بنا کر صارفین کی شکایت دور کرنے کی یقین دہانی کروائی۔