آج حیدرآباد میں منعقدہ مارچ سے فضل الرحمن تاریخی خطاب کریں گے

جیکب آباد (نمائندہ دنیا )جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان 15 جون کو حیدرآباد کے قاسم آباد میں ‘‘دفاع وطن، اسرائیل مردہ باد اور سندھ امن ملین مارچ’’ سے تاریخی خطاب کریں گے۔۔۔
یہ اعلان جے یو آئی سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے اپنے ایک بیان میں کیا۔علامہ راشد محمود سومرو نے کہا کہ یہ مارچ فلسطینی عوام پر اسرائیلی مظالم کے خلاف شدید عوامی ردعمل کے ساتھ ساتھ سندھ میں بڑھتی ہوئی بدامنی، ڈاکو راج، قبائلی جھگڑوں اور حکومتی بے حسی کے خلاف عوامی بیداری کی علامت ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ جے یو آئی سندھ کی جانب سے دوسرے مرحلے میں تین کروڑ روپے مالیت کی امدادی اشیاء، جن میں خوراک، ادویات اور پانی شامل ہیں، غزہ روانہ کی گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ اسرائیلی درندگی اور جارحیت قابل مذمت ہے اور فلسطینیوں سے بھرپور یکجہتی ہمارے ایمان کا تقاضا ہے ۔جے یو آئی کے پریس سیکریٹری ڈاکٹر اے جی انصاری نے میڈیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اس ملین مارچ کو بھرپور کوریج دے کر مظلوم فلسطینیوں اور سندھ کے متاثر عوام کے لیے آواز بلند کریں۔دوسری جانب مارچ کے لیے سیکیورٹی سمیت تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔ جے یو آئی کے مرکزی سالار عبدالرزاق عابد لاکھو اور صوبائی سالار سلیم سندھی انتظامی امور کی نگرانی کر رہے ہیں۔ جبکہ ضلعی سطح پر امیر مولانا تاج محمد ناہیوں اور جنرل سیکریٹری خالد حسین دہامرہ نے تیاریوں کو مکمل کر لیا ہے ۔جے یو آئی حیدرآباد کے ترجمان محمد اعظم جھانگیری نے میڈیا نمائندگان سے ملاقات کے دوران اپیل کی کہ وہ اس قومی و دینی اہمیت کے حامل پروگرام کو مؤثر طریقے سے اجاگر کریں۔