کے الیکٹرک کی خرابی کے باعث کئی علاقوں کو پانی کی فراہمی معطل

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن منگل کی شب 11 بجکر 30 منٹ پر پیش آیا ۔
جس کے باعث 100 ایم جی پمپ ہاؤس مکمل طور پر بند ہو چکا ہے ۔ واضح رہے کہ دھابیجی کا 100 ایم جی پمپ ہاؤس کراچی شہر کو یومیہ 100 ملین گیلن پانی فراہم کرتا ہے بجلی کی فراہمی معطل ہونے کے باعث شہر کے بیشتر علاقوں میں پانی کی ترسیل شدید متاثر ہو رہی ہے ۔ ترجمان نے بتایا کہ بریک ڈاؤن کو 19 گھنٹے سے زائد کا وقت گزر چکا ہے تاہم کے الیکٹرک تاحال متعلقہ فالٹ کو درست نہیں کر سکی افسوسناک امر یہ ہے کہ کے الیکٹرک کی جانب سے پمپنگ اسٹیشن پر موجود اسٹینڈ بائی کیبلز بھی ناکارہ ہو چکی ہیں جس سے متبادل انتظام بھی ممکن نہیں رہا۔ جبکہ واٹر کارپوریشن کے حکام الیکٹرک انتظامیہ کو صورتحال کی سنگینی سے آگاہ کر چکے ہیں۔ ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پانی کے استعمال میں احتیاط برتیں اور غیر ضروری استعمال سے گریز کریں