میہڑ :22لاکھ روپے کی ڈکیتی کے خلاف انڈس ہائی وے پر دھرنا
میہڑ(نمائندہ دنیا )غلہ مارکیٹ کے معروف تاجر محمد خان گھانگھرو کی دکان سے 22 لاکھ روپے کی ڈکیتی کے خلاف میہڑ شہری اتحاد کے چیئرمین نیاز علی برڑو کی اپیل پر میہڑ انڈس ہائی وے پر احتجاجی دھرنا دیا گیا۔
دھرنے میں پی ٹی آئی، قومی عوامی تحریک، جی ڈی اے ، عوامی فورم، رائس ملز ایسوسی ایشن، گھانگھرو برادری، اور متعدد وکلا و دکانداروں نے بھرپور شرکت کی۔شرکاء نے شامیانے لگا کر روڈ بلاک کر دیا، جس کے باعث کراچی، حیدرآباد، لاڑکانہ سمیت کئی شہروں سے آنے جانے والی ٹریفک گھنٹوں معطل رہی۔اس موقع پر متاثرہ تاجر محمد خان گھانگھرو، ان کے بھائی اظہر اور اطہر گھانگھرو، اور دیگر مظاہرین نے صحافیوں کو بتایا کہ ڈاکو سرعام اسلحے کے زور پر دکان سے نقد رقم لوٹ کر فرار ہوگئے ، جب کہ واقعے کے وقت قریبی امام بارگاہ پر پولیس کی موجودگی کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔مظاہرین نے ایس ایس پی دادو امیر سعود مگسی کو بدترین کرپٹ افسر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے دور میں ایک ہزار سے زائد چوری، ڈکیتی اور موٹرسائیکل چوری کی وارداتیں ہو چکی ہیں۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ ایس ایس پی کو فی الفور برطرف کر کے ایماندار افسر تعینات کیا جائے اور لوٹی گئی رقم سمیت تمام وارداتوں کا ازالہ کیا جائے ۔احتجاجی مظاہرین نے اعلان کیا کہ جب تک محمد خان گھانگھرو کی لوٹی گئی رقم واپس نہیں کی جاتی اور پولیس ذمہ داروں کے خلاف کارروائی نہیں ہوتی، دھرنا جاری رہے گا۔