جامعہ کراچی کے 33ویں جلسہ تقسیم اسنادکا انعقاد

جامعہ کراچی کے 33ویں جلسہ تقسیم اسنادکا انعقاد

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جامعہ کراچی کا تینتیسواں سالانہ جلسہ تقسیم اسنادہفتہ کے روزایکسپوسینٹر میں منعقد ہوا جس کی صدارت گورنر سندھ وچانسلر جامعہ کراچی محمد کامران خان ٹیسوری نے کی۔

 جلسہ تقسیم اسناد میں تعلیمی سال 2023ء مارننگ وایوننگ پروگرام کے مختلف شعبہ جات کے 7248 طلباوطالبات کو ڈگریاں تفویض کی گئیں، اسی طرح 60 طلباوطالبات کو مختلف شعبہ جات میں پی ایچ ڈی جبکہ 43 طلبہ کو ایم فل اور02 طلبہ کو ایم ایس کی ڈگریاں تفویض کی گئیں ۔جامعہ کی سطح پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس سائنس اینڈٹیکنالوجی کی حافظہ اقصیٰ انورکو طلائی تمغہ سے نوازاگیا جبکہ کلیہ جات کی سطح پر 2023ء کے امتحانات میں کلیہ فنون وسماجی علوم میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر شعبہ بین الاقوامی تعلقات کی انزیلہ،کلیہ تعلیم میں شعبہ اسپیشل ایجوکیشن کی رابعہ شہباز،کلیہ معارف اسلامیہ کے شعبہ علوم اسلامی کی مریم،کلیہ قانون میں علشبہ جیلانی،کلیہ نظمیات وانتظامی علوم میں شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن کی ہانیہ ساجداورکلیہ علم الادویہ میں عمامہ کو طلائی تمغوں سے نوازاگیا۔ اسی طرح کلیہ علوم میں کلیہ کی سطح پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے پرانسٹی ٹیوٹ آف اسپیس سائنس اینڈٹیکنالوجی کی حافظہ اقصیٰ انوراور کلیہ انجینئرنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر زین عادل کو طلائی تمغوں سے نوازاگیا۔ جلسہ تقسیم اسناد میں آنرز،ماسٹرزاور بی ایس پروگرام سال2023ء کے مختلف شعبہ جات کے مارننگ وایوننگ پروگرام میں پوزیشن حاصل کرنے والے 244 طلباوطالبات کوگولڈ میڈل تفویض کئے گئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں