نوان جتوئی میں مسلح افراد کا حملہ، باپ قتل، بیٹا شدید زخمی

 نوان جتوئی میں مسلح افراد کا حملہ، باپ قتل، بیٹا شدید زخمی

کنڈیارو (نمائندہ دنیا) کنڈیارو کے قریب ہالانی قومی شاہراہ پر ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں پنجاب سے کراچی جانے والی مسافر کوچ لوڈر رکشہ کو بچاتے ہوئے بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ حادثے کے نتیجے میں خواتین، بچوں سمیت 20 سے زائد مسافر زخمی ہو گئے ۔

 تمام زخمیوں کو فوری طور پر ہالانی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کے مطابق بعض افراد کی حالت تشویشناک ہے ۔موٹروے پولیس کے مطابق قومی شاہراہ کی تعمیر کے باعث ٹریفک کو عارضی طور پر سنگل روڈ پر منتقل کیا گیا تھا، جو حادثے کا سبب بنا۔ جائے حادثہ پر فوری ریسکیو کارروائیاں کی گئیں جبکہ کوچ ڈرائیور سے ابتدائی معلومات حاصل کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔علاوہ ازیں کنڈیارو میں نوان جتوئی کے نواحی گاؤں علی بخش کھوسو میں نامعلوم مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر کے محمد بخش کوسو کو قتل کر دیا، جبکہ اس کا بیٹا مختیار کوسو شدید زخمی ہو گیا، جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ قانونی کارروائی کے بعد مقتول کی میت ورثاء کے حوالے کر دی گئی، اور جب میت گھر پہنچی تو کہرام مچ گیا۔مقامی ذرائع کے مطابق چند روز قبل نادر کوسو کے قتل کے بعد انتقامی کارروائی کی افواہیں گردش کر رہی تھیں۔ تازہ واقعہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہو سکتا ہے ۔ گاؤں میں کشیدگی عروج پر ہے اور کسی بھی وقت مزید تصادم یا خونریزی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں