پورٹ قاسم اتھارٹی کے سینئر افسرعدالت طلب

پورٹ قاسم اتھارٹی کے سینئر افسرعدالت طلب

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ میں نمک کی پیداوار کے لیے جاری لیز پر فارمنگ کے تنازع سے متعلق مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت نے پورٹ قاسم اتھارٹی کے نمائندے کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کیا ہے اور آئندہ سماعت پر اتھارٹی کے سینئر افسر کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا ہے ۔

 عدالت نے واضح الفاظ میں انتباہ دیا کہ اگر آئندہ سماعت پر بھی کوئی سینئر افسر پیش نہ ہوا تو ڈی جی پورٹ قاسم کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں گے ۔ عدالت نے یاد دہانی کروائی کہ گزشتہ سماعت پر بھی پورٹ قاسم اتھارٹی کو نمائندہ مقرر کرنے کی ہدایت دی گئی تھی جس پر عملدرآمد نہیں ہوا۔ سماعت کے دوران درخواست گزار نجی کمپنی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ زمین کے استعمال کی تبدیلی کے معاملے پر ڈپٹی کمشنر کی جانب سے نوٹس جاری کیا گیا ہے حالانکہ زمین کے استعمال کی تبدیلی کے لیے تمام متعلقہ اداروں سے باقاعدہ اجازت لی گئی تھی۔ وکیل کا مزید کہنا تھا کہ کمپنی نے فارمنگ کے منصوبے میں ایک غیر ملکی کمپنی کے ساتھ مل کر خطیر سرمایہ کاری کی ہے ۔ عدالت نے ضلعی انتظامیہ کو بھی ہدایت جاری کر رکھی ہے کہ درخواست گزار کمپنی کے خلاف کوئی سخت اقدام نہ اٹھایا جائے جب تک کیس کا فیصلہ نہ ہو جائے ۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر تمام فریقین کو مکمل تیاری کے ساتھ پیش ہونے اور جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں