تعلیمی بورڈز کے اختیارات محدود کرنیکی تیاری، اسٹیئرنگ کمیٹی کا ڈھانچہ منظور
کراچی(این این آئی)سندھ حکومت نے تعلیمی بورڈز کے اختیارات محدود کرنے کی تیاری کرلی، اسٹیئرنگ کمیٹی کا ڈھانچہ منظور کرلیا گیا ،ساتھ ہی بی او جی کا ڈھانچہ بھی تبدیل کردیا گیا ہے ۔
سندھ حکومت نے صوبے کے تعلیمی بورڈز کی خود مختار حیثیت کو محدود کرنے کی تیاری کرلی جسکے لئے بورڈز کے اوپر اسٹیئرنگ کمیٹی کا ڈھانچہ منظور کرلیا گیا ہے ۔یہ کمیٹی تمام سرکاری تعلیمی بورڈز کی سپرویژن کرے گی اور انہیں کنٹرول کرے گی تاہم اس کی تشکیل ابھی باقی ہے جبکہ تمام تعلیمی بورڈز کے بورڈز آف گورنرز کے ڈھانچے کو بھی تبدیل کردیا گیا ہے اور تمام چیئرمین بورڈز کی جگہ اکیڈمیشنز، ممبر سول سوسائٹی اور میل/فیمیل پرنسپلز کو بورڈز کو گورنرز میں شامل کیا جارہا ہے ۔ قبل ازیں تمام بورڈز کے چیئرمینز ہر بورڈز کی بی او جی کے رکن ہوتے تھے ۔اس سلسلے میں سندھ اسمبلی سے باقاعدہ 1972 کے بورڈ ایکٹ میں ترمیم کراتے ہوئے نیا ترمیمی ایکٹ منظور کرلیا گیا ہے اور جون میں قائم مقام گورنر سے ایکٹ پر دستخط بھی کرالیے گئے ہیں، اس لیے اب یہ ایکٹ قانون کا حصہ بن گیا ہے ۔اس سلسلے کے پہلے مرحلے میں تمام تعلیمی بورڈز میں نئی بی او جی کی تشکیل شروع کردی گئی ہے ۔