نئی حب کینال کی تعمیر میں نقص یا تباہی کی خبریں غلط ،میئر

 نئی حب کینال کی تعمیر میں نقص یا تباہی کی خبریں غلط ،میئر

کراچی (اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) میئر کراچی مرتضیٰ وہاب صدیقی نے کہا ہے کہ نئی حب کینال کی تعمیر میں نقص یا تباہی کی خبریں غلط ہیں۔

 سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں میئر کراچی و چیئرمین واٹر کارپوریشن نے کہا کہ حب کینال سے متعلق افواہیں تصدیق کے بغیر پھیلائی گئیں ،نئی 100 ایم جی ڈی حب کینال کا افتتاح 13 اگست کو ہوگا ۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں پر کچھ عناصر خوش نہیں ،پیپلز پارٹی کی قیادت میں مکمل ہونے والے منصوبوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ،ترقی کے خلاف پروپیگنڈا ہمیں عوام کی خدمت سے نہیں روک سکتا۔میئر کراچی نے واضح کیا کہ وہ شہر کے مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہیں ،عوام جعلی خبروں پر دھیان نہ دیں، حب کینال منصوبہ مکمل اور محفوظ ہے ۔دوسری جانب مختلف میڈیا رپورٹس میں بتایاگیاکہ نئی حب کینال میں تجرباتی طور پرپانی چھوڑنے کے دوران نہرکا ایک حصہ بہہ گیاہے ۔ نہر کا افتتاح 14 اگست کو کیا جانا تھا۔رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ نہر میں مناسب اسٹون پچنگ کی گئی نہ سریے سے دیواریں بنائی گئیں جس کے باعث پانی دیواریں توڑتا ہوا زمین میں پھیل گیا۔اس حوالے سے سوشل میڈیاپر اس واقعے کی ویڈیوزبھی گردش کرتی رہیں۔ یہ منصوبہ 22 کلومیٹر طویل کنکریٹ کینال پر مشتمل ہے جس سے ضلع غربی اور کیماڑی کو 10 کروڑ یومیہ اضافی پانی کی فراہمی ہونی ہے ۔نئی حب نہرکی تعمیرپر12 ارب 76 کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں