ریڈ لائن منصوبے کی راہ میں تمام رکاوٹیں15ستمبرتک ہٹانے کا حکم

ریڈ لائن منصوبے کی راہ میں تمام رکاوٹیں15ستمبرتک ہٹانے کا حکم

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے ریڈلائن بی آر ٹی منصوبے کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو 15 ستمبر تک ہٹانے کے احکامات جاری کردیے ۔

منصوبے سے متعلق اہم اجلاس سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن کی صدارت میں ہوا جس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سی ای او ٹرانس کراچی فواد غفار سومرو، انجینئرز، کنسلٹنٹس اور کے الیکٹرک کے نمائندے شریک ہوئے ۔ اجلاس میں حکام نے بی آر ٹی منصوبے میں پیش رفت کے حوالے سے سینئر صوبائی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی ۔ اس موقع پر منصوبے میں حائل رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے اقدامات اور کنٹریکٹرز کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا۔سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ تمام مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے تاکہ منصوبے پر کام کی رفتار متاثر نہ ہو۔ انہوں نے ریڈ لائن بی آر ٹی کے راستے میں آنے والی کے الیکٹرک سمیت تمام یوٹیلیٹیز کی منتقلی 15 ستمبر 2025 تک مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ شرجیل میمن نے بی آر ٹی کوریڈور میں 2 اعشاریہ 7 کلومیٹر پر محیط کے فور منصوبے کی پائپ لائن جلد مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ واٹر بورڈ جلد از جلد کے فور پائپ لائن کا کام مکمل کرے۔انہوں نے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی عوام کا ایک اہم منصوبہ ہے ، اس میں مزید تاخیر کے متحمل نہیں ہو سکتے ۔ تمام اسٹیک ہولڈرز آپس میں رابطہ اور تعاون بڑھائیں اور منصوبے پر بلا تعطل کام جاری رکھیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں