سندھ پولیس ،پراسیکیوشن میں روابط مضبوط بنانے کا فیصلہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی میں سینٹرل پولیس آفس میں منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں مقدمات کی تفتیش،عدالتی پیروی، سزاؤں کی شرح میں بہتری اور پولیس و پراسیکیوشن کے درمیان روابط کو مؤثر بنانے کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے گئے ۔
اجلاس کی صدارت آئی جی سندھ غلام نبی میمن اور پراسیکیوٹر جنرل سندھ منتظر مہدی نے کی۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جیز، ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل ودیگر شریک ہوئے ۔ ڈی آئی جی کرائم اینڈ انویسٹی گیشن، ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل اور اے آئی جی لیگل نے مقدمات کے اندراج، ثبوتوں کے حصول سے متعلق بریفنگ دی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ سندھ پولیس نے مقدمات کے اندراج سے لے کر چالان تک کی کارروائیوں کے لیے پولیس اسٹیشن ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم قائم کیا ہے ، جو عدالتوں کے کیس فلو مینجمنٹ سسٹم سے منسلک ہے ۔ آئی جی نے کہا کہ مقدمات کی مؤثر تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن افسر اور پراسیکیوٹر کا ایک ہی پلیٹ فارم پر ہونا ضروری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ کابینہ اور ایپکس کمیٹی نے 400 پراسیکیوٹرز کی کنٹریکٹ پر بھرتی کی منظوری دے دی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایس ایس پیز کو ہر کیس کی خود نگرانی کی ہدایت دی گئی ہے جبکہ ڈی آئی جیز کو تفتیشی عملے کی بہتری کا ٹاسک سونپا گیا ہے ۔اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ تفتیشی افسران اور پراسیکیوٹرز کے مابین ماہانہ بنیادوں پر مشترکہ ٹریننگ سیشنز منعقد کیے جائیں۔