بچوں کی اسمگلنگ کا مقدمہ:این جی او کی چیئرپرسن جیل منتقل

بچوں کی اسمگلنگ کا مقدمہ:این جی او کی چیئرپرسن جیل منتقل

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے بچوں کی غیر قانونی اسمگلنگ کے مقدمے میں این جی او کی سربراہ کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ۔

جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں ایف آئی اے نے بچوں کی غیر قانونی اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار این جی او کی چیئرپرسن مبینا قاسم کو عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد ملزمہ کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا اور تفتیشی افسر سے آئندہ سماعت پر کیس کا چالان طلب کر لیا۔ ایف آئی اے کے مطابق این جی او ایک فلاحی تنظیم کے طور پر کام کر رہی تھی ،تاہم حقیقت میں یہ تنظیم کم عمر بچوں کو گود لینے کی آڑ میں مبینہ طور پر بیرون ملک اسمگل کرنے میں ملوث پائی گئی۔ ایف آئی اے کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ اس معاملے کی تحقیقات امریکی قونصلیٹ کراچی کی شکایت پر شروع کی گئیں ،جس کے بعد این جی او کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کیا گیا۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزمہ مبینا قاسم نے سال 2006 سے 2011 کے درمیان کم از کم 23 بچوں کو امریکہ، کینیڈا اور برطانیہ کے مختلف خاندانوں کے حوالے کیا۔ یہ عمل بظاہر بچوں کی فلاح کے نام پر انجام دیا گیا ، تاہم شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان بچوں کی حوالگی میں نہ صرف قانونی تقاضوں کو نظرانداز کیا گیا بلکہ امریکی ویزا کے حصول کے لیے جعلی دستاویزات بھی استعمال کی گئیں۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ این جی او سندھ کے محکمہ سماجی بہبود کے پاس رجسٹرڈ بھی نہیں ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں