وزیراعلیٰ کا اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے عزم کا اعادہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے مذہبی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے اپنی حکومت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تمام شہریوں کا برابر کا ملک ہے۔
چاہے ان کا تعلق کسی بھی مذہب سے ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوامی نارائن مندر میں منعقدہ ایک مشترکہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے صوبائی اسمبلی سندھ میں تاریخی خطاب کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ اقلیتوں کو اپنے مندروں اور گرجا گھروں میں جانے کی مکمل آزادی ہے اور ریاست کو کسی کے مذہب سے کوئی غرض نہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کئی قوانین منظور کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا فلسفہ ہے کہ ہم سب ہندو، سکھ، عیسائی، پارسی محبت، دوستی اور ہم آہنگی کے ساتھ رہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں یومِ آزادی کی 14روزہ تقریبات جاری ہیں۔اس موقع پر وزیر اعلی نے اعلان کیا کہ صوبائی حکومت عبادت گاہوں کے تحفظ کے لیے متعلقہ مذاہب کے افراد کو پولیس فورس میں بھرتی کر رہی ہے ۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور حکومتِ سندھ، قائداعظم محمد علی جناح، شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کے مطابق ہر شہری کی بلا امتیاز خدمت جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی رہنمائی میں ہم صوبے کی ترقی، امن اور اتحاد کے لیے کام جاری رکھیں گے ۔