کراچی میں ڈمپر مافیا کا راج،شہری کچلے جا رہے ، ابوالخیرزبیر

 کراچی میں ڈمپر مافیا کا راج،شہری کچلے جا رہے ، ابوالخیرزبیر

حیدرآباد (نمائندہ دنیا )جمعیت علما پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کراچی میں ڈمپر کی زد میں آکر قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کا ڈمپر مافیا شہریوں کو سڑکوں پر کچل رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ سانحہ حکومتِ سندھ اور ٹریفک انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت اور نااہلی کا کھلا ثبوت ہے ۔بھاری گاڑیاں بے قابو، ڈرائیور غیر تربیت یافتہ اور ٹریفک قوانین صرف کاغذوں تک محدود ہیں، جس کے نتیجے میں ہر روز معصوم شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو رہے ہیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ پہلا واقعہ نہیں بلکہ ایسے حادثات روز کا معمول بن چکے ہیں، مگر حکمران طبقہ اور متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اس خونِ ناحق کا ذمہ دار صرف ڈمپر مافیا نہیں بلکہ وہ حکمران اور افسران بھی ہیں ۔صاحبزادہ ابوالخیر نے افسوس ظاہر کیا کہ بجائے متاثرہ خاندانوں کو فوری انصاف اور مالی امداد دینے کے ، بعض سیاسی عناصر اس المیے کو لسانی اور سیاسی رنگ دے کر عوام کو مزید تقسیم کر رہے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈمپرز اور بھاری گاڑیوں کو رہائشی و گنجان آبادی والے علاقوں اور مرکزی شاہراہوں سے مکمل طور پر روکا جائے ۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حادثات میں ملوث ڈرائیوروں اور ان کے سرپرستوں کو گرفتار کر کے مثالی سزائیں نہ دی گئیں اور متاثرہ خاندانوں کو فوری مالی مدد فراہم نہ کی گئی تو عوام کا صبر لبریز ہو جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں