یوٹیلیٹی اسٹورز کے تحفظ کیلئے بھرپور آواز اٹھائیں گے ،حفیظ الدین

 یوٹیلیٹی اسٹورز کے تحفظ کیلئے بھرپور آواز اٹھائیں گے ،حفیظ الدین

سکھر (بیورو رپورٹ) قومی اسمبلی کی صنعت و پیداوار کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین حفیظ الدین نے کہا ہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز کے ملازمین اور ادارے کے تحفظ کے لیے بھرپور آواز اٹھائی جائے گی، ورکرز اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں۔

انہوں نے یہ بات قومی اسمبلی کے احاطے میں آل پاکستان نیشنل ورکرز یونین (سی بی اے )کے رہنما عبدالقیوم برڑو کی سربراہی میں یوٹیلٹی اسٹورز کی بیوہ ملازمین اور برطرف خواتین پر مشتمل وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ وفد نے ادارے کی ممکنہ بندش اور اس کے اثرات سے چیئرمین کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔بیوہ خواتین نے بتایا کہ یوٹیلٹی اسٹورز کی بندش کی صورت میں انہیں پنشن کی ادائیگیوں سے محروم ہونا پڑے گا، جو اس وقت ادارہ اپنے وسائل سے ادا کرتا ہے ۔انہوں نے سوال کیا کہ ادارہ بند ہونے کی صورت میں ہمارے بچوں کا خرچ اور پنشن کون ادا کرے گا۔ بیوہ خواتین نے وزیرِاعظم سے اپیل کی کہ ادارے کی بندش کا فیصلہ فی الفور واپس لیا جائے۔حفیظ الدین نے یقین دہانی کرائی کہ قائمہ کمیٹی کے تمام اراکین نے ہمیشہ ادارے کی بندش کی مخالفت کی ہے اور آئندہ اجلاسوں میں اس مسئلے کو بھرپور انداز میں اٹھایا جائے گا۔ عبدالقیوم برڑو اور وفد میں شامل خواتین نے چیئرمین کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کے مسائل جلد حل ہوں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں