پانی کی نکاسی مشکل ہوگی،میئر کا شہریوں کو صبر کا مشورہ
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سمندر کی سطح بلند ہے ، شاید وہ پانی نہ لے ، انہوں نے شہریوں کو بارش کے دوران صبر کا مشورہ دیا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے میئرمرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ 22 اگست کی پریس کانفرنس میں جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤنز کو رقوم کی ادائیگی کے اعدادوشمار دیے تھے ۔ اس پریس کانفرنس کے بعد فرق آیا ہے ۔ اب وہ ٹاؤن چیئرمین جو اختیارات یا وسائل کا رونا روتے تھے ، تھوڑا بہت کام کرنا شروع کردیا ہے ۔میئر نے کہا کہ شہر میں منافقت نہیں چلنے دوں گا ۔ بارش کے بعد جماعت اسلامی کی منافقت کو ایکسپوز کروں گا ۔ مجھے معلوم ہے ان کے پاس کتنا ٹیکس آرہا ہے ، روڈ کٹنگ کے 14 کروڑ روپے پڑے ہیں۔ مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے امیر وفاقی حکومت اور وزیر اعظم کو فارم 47 کہتے ہیں۔ کراچی کی خدمت اور منافقت کا خاتمہ ہمارا ٹارگٹ ہے جس طرح شہر سے دہشت گردی ختم کی اسی طرح منافقت بھی ختم کریں گے ۔ مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ سمندر کو پانی لینا ضروری ہے ،یہ سب سے بڑا چیلنج ہے ۔ گزشتہ روز چاند گرہن تھا، ماہرین کہتے ہیں کہ یہ بلند لہروں کا زمانہ ہے ۔ ہائی ٹائیڈ میں ہوسکتا ہے سمندر پانی نہ اٹھا سکے ۔انہوں نے بتایا کہ کراچی شہر نہیں بلکہ شمالی علاقوں کا سندھ میں آنے والا پانی سمندر میں گرے گا، وہاں بھی انتظامیہ کو چیلنج درپیش ہوگا۔ یہاں ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کیلئے سیاست شروع کردی جاتی ہے ۔ منعم ظفر شاید سمندر سنبھال سکیں ۔ مجھے پتا ہے اس کے جواب میں پریس کانفرنس کریں گے ۔ میئر نے کہا کہ نالوں کی صورتحال اطمینان بخش ہے ۔ لوگ بارش میں افراتفری میں باہر نکلتے ہیں ۔ اس سے ٹریفک جام ہوتا ہے ،کچھ اہم چوکنگ پوائنٹس جہاں لوگ پھنسے تھے ، وہاں ریلیف کیمپس بنائے ہیں، شہریوں کو پانی بسکٹ مہیا کریں گے ۔ میئرنے کہا کہ بارش کی صورت میں شہری دو ڈھائی گھنٹے صبر کریں ۔ ہم اس دوران پانی کی نکاسی کریں گے تاکہ شہریوں کو تکلیف کم ہو۔ جہاں پانی رکے گا وہاں دو سے ڈھائی گھنٹوں میں پانی کی نکاسی کی جائیگی ۔