اپوزیشن لیڈر بلدیہ عظمیٰ کونسل کا اجلاس فوری بلانے کا مطالبہ

اپوزیشن لیڈر بلدیہ عظمیٰ کونسل کا اجلاس فوری بلانے کا مطالبہ

عوامی مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے ،سیف الدین ایڈووکیٹ مختلف جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس،عوامی مسائل پر تبادلہ خیال

کراچی (اسٹاف رپورٹر)اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈووکیٹ کی دعوت پراپوزیشن چیمبر میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مختلف سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات و وسائل، خصوصا واٹر بورڈ اور سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کی خراب کارکردگی سے پیدا مسائل اور موجودہ بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات کی منتقلی کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا ۔ سیف الدین ایڈووکیٹ نے اجلاس میں بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات اور عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے متعلق متعدد تجاویز پیش کیں، پارلیمانی جماعتوں نے اپوزیشن لیڈر کی تجاویز سے اتفاق کیا اور اس بات پر بھی متفق ہوئے کہ بلدیاتی اداروں کے اختیارات کی منتقلی کے حوالے سے مشترکہ تجاویز مرتب کی جائیں۔ اپوزیشن لیڈر نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کونسل کا اجلاس فوری بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے ۔ بلدیاتی نمائندوں کو ان کے اختیارات دے کر ہی شہر کے مسائل حل کیے جا سکتے ہیں۔کراچی کے شہری واٹر کارپوریشن، سالڈ ویسٹ کی خراب کارکردگی سے پریشان ہیں،مرتضی وہاب بطور میئر دونوں اداروں کے سربراہ ہیں، میئر کو واٹر کارپوریشن اور سالڈ ویسٹ کے حوالے سے عملی اقدامات کرنے ہوں گے ۔اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ موجودہ بلدیاتی نظام اپنی مدت کا نصف دور مکمل کرچکا ہے لیکن یونین کمیٹی کے چیئرمینز کو اب بھی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے سنگین مسائل کا سامنا ہے ۔ یہ دونوں ادارے براہِ راست میئر مرتضیٰ وہاب کے ماتحت ہیں جبکہ یوسی کو اس میں کوئی اختیار حاصل نہیں ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں