یومیہ 30لاکھ گیلن پانی چوری کرنے والا نیٹ و رک پکڑا گیا

یومیہ 30لاکھ  گیلن  پانی  چوری  کرنے  والا  نیٹ  و رک  پکڑا  گیا

پانی کی چوری کے لیے ناظم آباد میں خفیہ سرنگوں کے ذریعے آٹھ غیر قانونی کنکشنز نصب کیے گئے تھے واٹر کارپوریشن اور رینجرز کی مشترکہ کارروائی ،عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں سے سمجھوتہ نہیں ہوگا،میئر

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ناظم آباد میں روزانہ 30لاکھ گیلن پانی چوری کرنے والے بڑے نیٹ ورک کا خاتمہ کردیا گیا ۔میئر کراچی مرتضی وہاب صدیقی کی زیر نگرانی واٹر کارپوریشن اور سندھ رینجرز نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے پانی چوری کے ایک بڑے نیٹ ورک کا خاتمہ کردیا ، کارروائی کے موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) واٹر کارپوریشن انجینئر اسد اللہ خان بھی موجود تھے ۔ حکام کے مطابق ناظم آباد کے علاقے میں سیف اللہ بنگش ہوٹل کے قریب خفیہ سرنگوں کے ذریعے آٹھ غیر قانونی کنیکشنز نصب کیے گئے تھے جن کے ذریعے روزانہ تقریباً تیس لاکھ گیلن پانی چوری کیا جا رہا تھا۔ ابتدائی تحقیقات سے یہ انکشاف ہوا ہے کہ تین ماہ قبل بھی اسی مقام پر غیر قانونی کنکشن پکڑے گئے تھے مگر بعد ازاں پانی چوری دوبارہ شروع کر دی گئی۔ سندھ رینجرز نے اینٹی تھیفٹ واٹر کارپوریشن کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے تمام آٹھ کنکشنز ختم کر دیے جبکہ علاقے میں مزید ریکی بھی شروع کر دی گئی تاکہ اس نیٹ ورک کے دیگر ممکنہ مقامات کا سراغ لگایا جا سکے ۔ تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ پانی کے کنکشن گھر کے تہہ خانے سے خفیہ سرنگوں کے ذریعے نکالے گئے تھے ، یہاں تک کہ سرنگ میں لیٹ کر کنکشن جوڑنے کے شواہد بھی ملے ہیں۔ یہ غیر قانونی عمل نہ صرف شہریوں کے لیے بلکہ واٹر کارپوریشن کے نظام کے لیے بھی انتہائی نقصان دہ تھا۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ پانی چوری کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ان کے خلاف مقدمات عدالتوں اور ٹریبونلز میں چلائے جائیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ رینجرز اور واٹر کارپوریشن کے اہلکاروں نے ایک انتہائی خطرناک اور پیچیدہ کارروائی کو بہادری سے انجام دیا جس پر وہ ان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ میئر کراچی کا کہنا تھا کہ پانی چوری کا خاتمہ شہریوں کے مفاد میں ہے اور یہ مہم بلا امتیاز شہر کے تمام علاقوں میں جاری رہے گی تاکہ ہر شہری کو اُس کا جائز حصہ صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں