جیکب آباد:750 افراد چوہوں، بلیوں، کتوں کے کاٹنے سے زخمی
جیکب آباد (نمائندہ دنیا) جیکب آباد میں چوہوں، بلیوں اور کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں خطرناک اضافہ، 750 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔۔۔
تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں چوہوں، بلیوں اور کتوں کے کاٹنے کے کیسز میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے ۔ پی پی ایچ آئی جیکب آباد کے ذرائع کے مطابق اکتوبر کے مہینے میں 750 سے زائد افراد کو چوہوں، بلیوں اور کتوں نے کاٹا ، جنہیں اینٹی ریبیز ویکسین فراہم کی گئی ہے ۔ شہریوں نے مذکورہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چوہوں اور بلیوں نے گھروں میں جبکہ آوارہ کتوں نے گلیوں اور سڑکوں پر عوام کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے ۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکمے فوری طور پر اقدامات کریں تاکہ شہر میں پھیلتی ہوئی اس صورتحال پر قابو پایا جا سکے ۔ ماہرین صحت کے مطابق ریبیز وائرس جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے۔