قلعہ کہنہ قاسم باغ بحالی، 50 کروڑ کے اضافی فنڈز جاری
منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز ، ترقیاتی کام جون تک مکمل کرنے کی ہدایت
ملتان(وقائع نگار خصوصی)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے والڈ سٹی اتھارٹی کے زیر نگرانی قلعہ کہنہ قاسم باغ میں جاری اپ گریڈیشن اور بحالی کے منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران منصوبے کی پیشرفت، تعمیراتی معیار اور جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا گیا۔کمشنر عامر کریم خاں کی درخواست پر وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے قلعہ کہنہ قاسم باغ کی بحالی کیلئے 50 کروڑ روپے کے اضافی فنڈز جاری کر دئیے گئے ہیں۔ جاری کیے گئے 50 کروڑ روپے رواں مالی سال کی مختص ایلوکیشن سے زائد ہیں تاکہ منصوبے کو تیز رفتار بنیادوں پر مکمل کیا جا سکے ۔کمشنر ملتان نے ہدایت کی کہ منصوبے پر کام کی رفتار مزید بڑھائی جائے اور زیادہ سے زیادہ ترقیاتی کام جون تک مکمل کیے جائیں تاکہ تاریخی مقام کی بحالی کا عمل جلد مکمل ہو سکے ۔انہوں نے زور دیا کہ قلعہ کہنہ قاسم باغ کی بحالی اور اپ گریڈیشن کے دوران تاریخی ورثے کی اصل حیثیت اور قدیم طرز تعمیر کو برقرار رکھا جائے تاکہ اس مقام کی تاریخی اہمیت محفوظ رہ سکے ۔کمشنر عامر کریم خاں نے تعمیراتی معیار، ڈیزائن اور منصوبے کی مجموعی پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کام مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ قلعہ کہنہ قاسم اور اس کے اطراف کی بحالی سے ملتان کا تاریخی تشخص مزید اجاگر ہوگا اور سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔کمشنر نے قلعہ کہنہ قاسم باغ کی لائبریری میں جدید طرز کا کیفے قائم کرنے کے منصوبے پر بھی جلد کام شروع کرنے کی ہدایت کی تاکہ شہریوں اور سیاحوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر ملتان نعمان صدیق اور متعلقہ حکام بھی کمشنر کے ہمراہ موجود تھے ۔