پولیس افسران و جوانوں میں سرکاری رہائشی یونٹس کی تقسیم کی تقریب
کراچی(این این آئی)پولیس ہیڈکوارٹرز گارڈن ساؤتھ اور کلفٹن میں سندھ پولیس کے افسران و جوانوں میں تقریب تقسیم فلیٹس/الاٹمنٹس کا انعقاد کیا گیا۔ آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
ایڈیشنل آئی جیز ، ڈی آئی جیز واہلکاروں میں فلیٹس الاٹمنٹ کے اجازت نامے تقسیم کیے گئے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی سندھ غلام نبی میمن نے کہاکہ ایک اچھے افسر کی پوسٹنگ کا اثر اسکے پورے علاقے کی حدود پر پڑتا ہے ۔ہم نے چھوٹی چھوٹی کاوشیں تھانہ کلچرز کو تبدیل کرنے کے لیے کی ہیں۔جن میں تھانوں کو براہ راست بجٹ دیا جانا سرفہرست ہے ۔ہم چاہتے ہیں کہ لوگ بلا خوف تھانے آئیں اور جب آئیں تو انہیں سہولیات کی دستیابی کا احساس بھی میسر آئے ۔یہ سندھ پولیس کی فورس ہے جو بہادر بھی ہے اور قابل بھی جبکہ کارکردگی پر مکمل یقین رکھتی ہے ۔آئی جی سندھ نے کہاکہ گھر نہ ہونے کے باعث پولیس افسران اپنی تنخواہ کے پیش نظر سستا گھر کرائے پر لیتے ہیں۔ڈیوٹی پوائنٹ سے دوری وقت کا ضیاع اور گھر پہنچنے کی کاوشوں میں اضافہ کرتی ہے ۔