روہڑی :منشیات کا دھندا عروج پر، پولیس کارروائی سے گریزاں

روہڑی :منشیات کا دھندا عروج پر، پولیس کارروائی سے گریزاں

اکثر نوجوان نشے کی لت پوری کرنے کیلئے چوری، لوٹ مار کی وارداتیں کرنے لگےطلبا کو بھی منشیات کا عادی بنایا جانے لگا، سیاسی ،کاروباری حلقوں کا کارروائی کا مطالبہ

روہڑی (نمائندہ دنیا) متعلقہ اداروں اور پولیس کی مجرمانہ غفلت، لاپروائی کے سبب شہر اور گردونواح کے علاقوں میں منشیات کا دھندا عروج پر پہنچ گیا، نوجوان نسل لت میں پڑ کر بے راہ روی کا شکار ہونے لگی، شہر کے سیاسی، سماجی، کاروباری اور مذہبی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، اعلیٰ حکام سے نوٹس لے کر موثر کارروائی کرنے کا مطالبہ ۔ تفصیلات کے مطابق روہڑی شہر کے مختلف علاقوں اور گردو نواح میں انسانی صحت کے لئے مضر آئس، چرس، ہیروئن، شراب اور گٹکے ماوے کا دھندا عروج پر پہنچ چکا ہے ، جس کے سبب نوجوان نسل نشے کی لت میں پڑ کر بے راہ روی کا شکار ہونے لگی ہے ۔ شہر میں جابجا کھلے عام منشیات فروخت ہو رہی ہے ، لیکن متعلقہ ادارے کسی بھی کارروائی سے گریزاں ہیں۔ اکثر نوجوان نشے کی لت پوری کرنے کے لئے چوری اور لوٹ مار کی وارداتیں بھی کرنے لگے ہیں۔

مذکورہ صورتحال پر روہڑی کے سیاسی، سماجی، کاروباری، مذہبی حلقوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ ادارے منشیات کے بڑھتے دھندے کو روکنے میں مکمل ناکام ہیں، جس کی وجہ سے نوجوان نسل تباہ ہو رہی ہے ۔ انتہائی تشویش ناک بات یہ ہے کہ اب تعلیمی اداروں میں زیر طلبا کو بھی مختلف طریقوں سے منشیات کا عادی بنا کر ذہنی طور پر مفلوج کیا جا رہا ہے جو ہم سب کے لئے لمحہ فکریہ ہے ۔ شہری حلقوں نے اعلیٰ حکام اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ روہڑی شہر کے مختلف علاقوں اور گرد و نواح میں منشیات فروخت کرنے والوں کے خلاف موثر کارروائی کرکے نوجوان نسل کو مزید تباہ ہونے سے بچایا جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں