بھتہ خور پھر سرگرم، کار شوروم پر فائرنگ ، مالک سے 50 لاکھ روپے طلب
یہ صرف ٹریلر ، پکچر ابھی باقی ہے ،بھتہ خوروں کی مالک کو دھمکی،شوروم مالکان کا شدید احتجاج ، کاروبار بند
کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر قائد میں بھتہ خور پھر سرگرم، نیو ایم اے جناح روڈ پر کار شوروم پر فائرنگ ، پچاس لاکھ بھتہ مانگا گیا ۔تفصیلات کے مطابق شہر میں بھتہ مافیا ایک بار پھر متحرک ہوگیا۔ جمشید کوارٹر تھانے کی حدود نیو ایم اے جناح روڈ پر واقع کار شوروم پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں شوروم میں کھڑی ایک گاڑی کو نقصان پہنچا۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔ پولیس کے مطابق شوروم مالک سے 50 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا گیا تھا، جبکہ فائرنگ بھتہ نہ دینے پر کی گئی۔ متاثرہ مالک کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے بعد انہیں فون کالز اور میسجز کے ذریعے بھتے کا مطالبہ کیا گیا، ساتھ ہی دھمکی آمیز پیغام دیا گیا کہ یہ تو صرف ٹریلر ہے ، پکچر ابھی باقی ہے اور کال میسج کرنے والے نے اپنا تعارف لیاری گینگ وار سرغنہ احمد علی مگسی کے طور پر کرایا۔ واقعے کے خلاف شوروم مالکان نے شدید احتجاج کیا اور کاروبار بند کر دیا۔ آل سندھ کار ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر عامر چوہدری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تاجروں کو تحفظ فراہم کیا جائے اور بھتہ خوروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔