حیدر آباد میں 5 گرفتار ملزمان سے کار،12 موٹر سائیکلیں برآمد
اے سیکشن پولیس نے حراست میں لئے ، نشاندہی پر کار اور موٹر سائیکلیں برآمد6 موٹر سائیکلیں تھانہ اے سیکشن کی حدود سے چوری ہوئی تھیں، مقدمہ درج
حیدرآباد (بیورو رپورٹ)حیدرآباد پولیس نے دو مختلف کارروائیوں میں 5 ملزمان گرفتار کرلئے ، ان کے قبضے سے ایک کار اور 12موٹر سائیکلیں برآمد کر کے مقدمات درج کرلئے ۔ پولیس کے مطابق اے سیکشن پولیس نے ملزمان لطف علی سولنگی، عثمان گدی اور انیق یوسف زئی کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ایک مسروقہ کرولا کار برآمد کرلی۔مزید کارروائی کے دوران پولیس نے ملزمان منور شیخ اور زاہد شیخ کو گرفتار کرکے ان کی نشاندہی پر 12 موٹر سائیکلیں برآمد کیں، جن میں سے 6 موٹر سائیکلیں تھانہ اے سیکشن سے ہی چوری ہوئی تھیں۔ واضح رہے کہ نومبر کے آخر میں تھانہ بی سیکشن کے علاقے لطیف آباد نمبر 9 میں شہری اسرار خانزادہ کے گھر کے باہر سے کچرا چننے والے شخص کی بائیک چوری کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں نظر آنے والا ملزم زاہد شیخ ہی تھا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے مذکورہ موٹر سائیکل بھی اس کے قبضے سے برآمد کرلی ہے ۔ ایس ایس پی حیدرآباد نے کہا ہے کہ شہر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔