ٹمپرڈ گاڑی کے خفیہ خانوں سے کروڑوں کے اسمگل شدہ موبائل برآمد
کسٹمز انفورسمنٹ کی ٹول پلازہ کے قریب کارروائی،موبائل فونز اور گاڑی ضبط ،مقدمہ درج
کراچی (این این آئی)کسٹمز انفورسمنٹ نے کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں کی مالیت کے اسمگل شدہ موبائل اور ٹمپرڈ گاڑی ضبط کر لی۔تفصیلات کے مطابق کسٹمز انفورسمنٹ کراچی نے کارروائی کرتے ہوئے 9 کروڑ 60 لاکھ مالیت کے اسمگل شدہ موبائل اور ٹمپرڈ گاڑی کو ضبط کر لیا۔ترجمان ایف بی آر کے جاری بیان میں کہا گیا ہے یہ کارروائی کراچی حیدرآباد ٹول پلازہ کے قریب خفیہ اطلاع پر کی گئی جس میں 564 اعلی معیار کے اسمگل شدہ موبائل فونز اور ایک ٹیمپرڈ لینڈ کروزر ضبط کرلی جن کی مجموعی مالیت 9 کروڑ 60 لاکھ روپے ہے ۔گاڑی کے ابتدائی معائنے میں اس کے بونٹ، فرنٹ بمپر، سائیڈ فینڈر کے حصوں پر ویلڈنگ کے مشکوک نشانات پائے گئے ۔ تفصیلی جانچ پڑتال پر گاڑی کے اندر خصوصی طور پر تیار 5 خفیہ خانوں کی نشاندہی ہوئی اور ان خفیہ خانوں میں سے معروف برانڈز کے 564 موبائل فونز برآمد ہوئے ۔ترجمان کے مطابق فرانزک رپورٹ سے گاڑی کے ٹمپرڈ اور نان ڈیوٹی پیڈ ہونے کی تصدیق ہو گئی جس کے بعد کسٹمز ایکٹ 1969 کی متعلقہ دفعات اور درآمدی قوانین کی سنگین خلاف ورزی پر موبائل فونز اور گاڑی ضبط کر لی۔واقعہ کی ایف آئی آر درج کر لی گئی۔