نامکمل اسکیم کا ذمہ دار ٹھیکے دار ہی ہوگا،سلیم بلوچ
تمام نئی اسکیموں سے متعلق زمین کے حصول کا معاملہ پہلے حل کیا جائے فنڈز کی زیرو یوٹیلائزیشن پر متعلقہ ایکس ای این کے خلاف کارروائی ہوگی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)معاون خصوصی وزیر اعلیٰ سندھ برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ و دیہی ترقی محمد سلیم بلوچ کے زیر صدارت شہیدبینظیرآباد ڈویژن کا اجلاس انکے دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری سہیل احمد قریشی، ایڈیشنل سیکریٹری محمد بخش جروار، چیف انجینئر ارشاد عباسی و متعلقہ ایکسیئنز نے شرکت کی۔ اجلاس میں معاون خصوصی محمد سلیم بلوچ کو فراہمی و نکاسء آب کی جاری و پرانی ترقیاتی اسکیموں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ محمد سلیم بلوچ نے نوکوٹ تا ننگرپارکر نئی واٹر سپلائی اسکیم تیار کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نوکوٹ تا ننگرپارکر نئی واٹر سپلائی اسکیم سے مٹھی، اسلام کوٹ، چیلار اور نوکوٹ کے عوام مستفید ہوسکیں گے ۔ انھوں نے ہدایت دی کہ کوئی بھی اسکیم ٹینڈر کے وقت مکمل طور پر کسی ایک کنٹریکٹر کو دی جائے۔
ایک ٹھیکیدار کو مکمل اسکیم دینے سے تکمیل میں کوئی عزر باقی نہیں رہے گا اور نامکمل ہونے کی صورت میں ذمہ دار کوئی ایک ٹھیکیدار ہی ہوگا۔ محمد سلیم بلوچ نے کہا کہ تمام نئی اسکیموں سے متعلق زمین کے حصول کا معاملہ پہلے حل کیا جائے اور ترقیاتی اسکیموں کی تکمیل میں زمین سمیت دیگر مسائل کے حل کے لیے متعلقہ کمشنر سے بھی رابطہ کیا جائے ۔ انھوں نے متنبہ کیا کہ اسکیموں پر فنڈز کی زیرو یوٹیلائزیشن پر متعلقہ ایکس ای این کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ معاون خصوصی محمد سلیم بلوچ نے کہا کہ حکومت سندھ عوام سے کیے گئے وعدوں کے مطابق سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے لہذا مفاد عامہ کے منصوبوں میں کوتاہی و سست روی قابل قبول نہیں ہوگی۔